وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کے دوران مشتعل افراد کی جانب سےجلائے گئے درختوں کی جگہ نئے پودے لگادیے گئے، جماعت اسلامی نے ڈی چوک میں جلائے گئے پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے۔
جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم کا کہنا ہے کہ ہم نے اسلام آباد کو ہمیشہ کلین اور گرین بنانے کی کوشش کی ہے، اگر اسلام آباد ہرا بھرا ہوگا تو پوری دنیا میں اس کا اچھا تاثر جائے گا۔
شہراقتداد میں دنیا بھر سے ممالک سے وفود آتے رہتے ہیں جبکہ کئی ممالک کے سفارت خانے بھی اسلام آباد میں موجود ہیں، غیرملکی سیاح کی بھی بڑی تعداد اسلام آباد کا رخ کرتی رہتی ہے۔
میاں اسلم نے کہا کہ احتجاج میں درختوں کو آگ لگانا اور پھولوں کو جلا دینا کیسا احتجاج ہے، جن درختوں کو جلایا گیا ان کو بڑا ہونے میں 10 سے 15 سال لگتے ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ 10 سال کی عمر کو چند منٹوں میں آگ لگا کر جلا دینا کہاں کا انصاف ہے، جس جماعت کے کارکنوں نے ایسا کیا وہ اپنے کارکنوں کو اس حوالے سے سمجھائے۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے سلسلے میں پی ٹی آئی کارکنان اور انکے کئی چاہنے والوں کی بڑی تعداد ڈی چوک پر جمع تھی۔
پولیس کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں مشتعل لوگوں نے کئی درختوں اور پودوں کو آگ لگادی تھی جبکہ آگ بجھانے کیلئے آنے والی فائیر بریگیڈ کی گاڑی کو بھی نظر آتش کردیا گیا تھا۔