Search
Close this search box.

جعلی ترمیم نہیں چلے گی، مرتضٰی وہاب کی نامزدگی کو عدالت میں چیلنج کیا ہے، حافظ نعیم

جماعت اسلامی نے کراچی میں شاہراہ پاکستان پر تحفظ کراچی مارچ کا انعقاد کیا جس میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے بھی شرکت کی۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا تھا میئرکراچی کیلئے پیپلز پارٹی کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنائیں گے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ مارچ کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کے خلاف عوامی احتجاج ہے۔ کراچی کے مینڈیٹ پر وڈیرے اور جاگیردار قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں گے۔ مرتضٰی وہاب نے بلدیات کا الیکشن نہیں لڑا اور وہ پیراشوٹر بن کر میئر کراچی آنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت کی اس ترمیم کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ میں پرسوں کیس لگا ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی پہلے عدالت کا سامنا کرے۔ پیپلز پارٹی کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کیلئے عدالت اور عوام ہر سطح پر مقابلہ کریں گے۔

امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی جمع کرادیا ہے جسکے مطابق منتخب نمائندے پارٹی قیادت کی ہدایت کے خلاف ووٹ نہیں دے سکتے۔

پیپلز پارٹی والے گرفتار نمائندوں سے زور زبردستی ووٹ ڈلوانے چاہتے ہیں لیکن سپریم کورٹ کا فیصلہ واضح ہے جو پارٹی قیادت کے خلاف ووٹ دے گا وہ نہ صرف نااہل ہوگا بلکہ اس کا ووٹ بھی شمار نہیں ہوگا۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی والوں نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے۔ جماعت اسلامی کے 5 لاکھ سے زائد ووٹ ہیں پی ٹی آئی نے انکی حمایت کی اور انکے 4 لاکھ ووٹ ملانے کے بعد 9 لاکھ ووٹ ہوگئے پیپلز پارٹی کے ساڑھے تین لاکھ بھی ووٹ نہیں اور وہ ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کررہے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا 1971 میں ایسا ہی ہوا تھا اور اب بھی یہی ہورہا ہے۔ یہ جیت نہیں سکتے تو فاشزم پر اترآتے ہیں لیکن جماعت اسلامی انکا ہر محاظ پر سامنا کرے گی۔ اگر یہ طاقت کے زور پر آنے کی کوشش کریں گے تو جماعت اسلامی رکاوٹ بنے گی۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں