انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سکریٹری بورڈز و جامعات کے رویے کے خلاف 10 دن کے لئے کلاسوں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ انجمن اساتذہ کے جنرل باڈی اجلاس میں کیا گیا جسکی صدرات انجمن اساتذہ کے صدر ڈاکٹر شاہ علی القدر نے کی۔
فیصلے کے مطابق سیکریٹری یونیورسٹیز اور بورڈز کے رویے اور ان کی جانب سے اساتذہ کا سلیکشن بورڈ ملتوی کرانے کے خلاف اور سندھ حکومت کے نوٹس نہ لیے جانے پر جامعہ کراچی میں کلاسز صبح و شام اور امتحانات کے بائیکاٹ جاری رکھا جائے گا۔آئندہ ہفتہ جنرل باڈی کا دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر شاہ علی القدر کا کہنا تھا کہ جب سلیکشن بورڈ شروع ہوا تھا تو سکریٹری بورڈز و جامعات نے سلیکشن بورڈ رکوا کر جامعہ کی خود مختاری پر حملہ کیا تھا سکریٹری کو اگر سلیکشن بورڈ پر اعتراض تھا تو وہ اسے پہلے کرسکتے تھے خط لکھ سکتے تھے۔
انہوں نے کہا سندھ میں قائم مقام وی سی لگا کر جامعات کی خود مختاری کو کنٹرول کررہے ہیں ۔ صدر اساتذہ نے کہا کہ ٹیچرز کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا جو ہمیں برداشت نہیں۔
سیکریٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں کا کہنا ہے کہ اساتذہ کا یوم سیاہ اور بائیکاٹ بلا جواز ہے،حکومت نے بھرتیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے تاہم جو بھی جامعہ ضروری بھرتی کرنا چاہے اس کے لیے پیشگی اجازت ضروری ہے اور کئی جامعات بھرتیوں کی اجازت لے چکی ہیں جامعہ کراچی کو بھی اجازت لینی چاہیے۔