شہرقائد کی سب سے بڑی یونیورسٹی "جامعہ کراچی” کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا۔ پینل پر موجود اسپتالوں نے علاج بھی بند کردیا۔ جامعہ کراچی کے سیکڑوں ملازمین مشکلات کا شکار ہیں۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے پینل پر موجود اسپتالوں نے واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے علاج بند کردیا گیا۔ پینل اسپتالوں کی بندش کے باعث جامعہ کراچی کے سیکڑوں ملازمین مشکلات کا شکار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے ایسے ملازمین جو دل کی سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں اور کچھ کو کینسر جیسی مہلک بیماریاں لاحق ہیں، انہیں ہر ہفتے اسپتال جانا ہوتا ہے لیکن علاج بند ہونے کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہفتے کے روز بھی 2 ملازمین کا آپریشن لیاقت نیشنل اسپتال میں ہونا تھا جو پینل کی بندش کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا جن میں سے ایک ملازم کے اہلخانہ نے آپریشن طلائی زیورات بیچ کر کروایا۔
رپورٹ کے مطابق متعلقہ ملازمین کے تقریبا 5لاکھ روپے کے بل بھی اکاؤنٹس سیکیشن میں موجود ہیں جو کے طویل عرصے سے رکھے ہوئے ہیں اور وہ لوگ تا حال ادائیگی کے منتظر ہیں۔
واضح رہے جامعہ کراچی کے پینل پر کراچی شہر کے مختلف اسپتال موجود ہیں جن میں جا کر ملازمینِ جامعہ کراچی اپنا اور اپنے اہل خانہ کا علاج کرواتے ہیں۔
جامعہ کراچی کے ایمپلائزایسوسی ایشن کے صدر نے دیگر ملازمین کے ہمراہ باضابطہ طور پر علاج کی سہولیات کی بحالی کے لیے شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو درخواست فراہم کردی ہے جس میں ان سے گزارش کی گئی ہے کہ ملازمین کے علاج معالجے میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور معاملات کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔