محکمہ بورڈز و جامعات نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کے تقرر کے سلسلے میں تلاش کمیٹی کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکریٹری مرید راحموں نے سمری بھیجے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سمری موصول ہوتے ہی تلاش کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
سمری کے مطابق چئیرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، سیکریٹری بورڈز و جامعات، سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن بربنائے عہدہ شامل ہوں گے جب کہ ایک ماہر (سینئر پروفیسر) کا معاملہ وزیر اعلیٰ سندھ پر چھوڑ دیا گیا ہے، وزیر اعلٰی خود اس کے نام کا انتخاب کریں گے۔ اس طرح جامعہ کراچی کی تلاش کمیٹی 5 رکنی ہوگی۔
واضح رہے کہ تلاش کمیٹی کے ایکٹ میں تلاش کمیٹی کے اراکین کی تعداد 6 ہے جن میں چار بربنائے عہدہ اراکین اور دو ماہر شامل ہیں تاہم عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں جامعہ کراچی کی تلاش کمیٹی 5 رکنی رکھی گئی ہے اور دو کے بجائے ایک ماہر (سینئر پروفیسر) رکھا گیا ہے۔
تلاش کمیٹی قائم ہوتے ہی چئیرمین کمیٹی و اراکین تمام امیدواروں کے تحقیقی پرچے تصدیق کے لئے وفاقی ہائرایجوکیشن کمیشن بھیجیں گے اور جس امیدوار کے ایچ ای سی کے منظور کردہ جرائد میں تحقیقی پرچوںکی تعداد 25 یا اس سے زائد ہوگی اور وہ مطلوبہ قابلیت پر پورا اترتا ہوگا اسے انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔
انٹرویو کے بعد تین ناموں کا انتخاب کرکے وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کے پاس بھیجا جائے گا، وزیر اعلیٰ سندھ ٹاپ تین امیدواروں کا انٹرویو کر کے کسی ایک کو چار برس کے لیے جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقرر کردیں گے۔