جامعہ کراچی کے ایوننگ پروگرام کے اساتذہ نے عدم ادائیگیوں پر کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کا کہنا ہے کہ انجمن اساتذہ نے ایوننگ پروگرام کے بلوں پر بات ہی نہیں کی۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی ایوننگ پروگرام میں اساتذہ کو ڈیڑھ سال سے ادائیگیاں نہیں ہوئیں جس پر اساتذہ نے آج سے ایوننگ کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ایوننگ پروگرام میں اساتذہ کلاسز چھوڑ کر سراپا احتجاج بن گئے اور یہ احتجاج ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث کیا جارہا ہے۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا کہنا ہےکہ ادائیگیوں کے معاملے پر وائس چانسلر خالد عراقی کی طرف سے حوصلہ افزا جواب نہیں ملا۔
دوسری جانب جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا ہے کہ انجمن اساتذہ نے ایوننگ پروگرام کے بلوں پر بات ہی نہیں کی، وہ تو ایم فل، پی ایچ ڈی میں انرولڈ اساتذہ کی فیس معاف کرانے آئے تھے، فیس معاف کرنے کا اختیار وائس چانسلر کا نہیں۔