جامعہ کراچی خودکش دھماکے کی تحقیقات میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دھماکے کے مرکزی سہولت کار زیب کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے جبکہ دہشتگرد کا خاکہ سی ٹی ڈی نے سی سی ٹی وی فوٹج اور عینی شاہدین کی مدد سے تیار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی خودکش حملے میں استعمال کیا گیا بارود سے بھرا بیگ دہشتگرد زیب نے تیار کیا تھا اور دہشتگرد کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں ملزم ہیبتان کی فیملی کے ساتھ ہی رہائش پذیر رہا۔
گرفتار دہشتگرد داد بخش عرف شعیب نے بھی زیب سے تربیت حاصل کی جبکہ داد بخش کو 2020 میں افغانستان میں دہشتگردی کی تربیت دی گئی۔
واضح رہے کہ کئی ماہ قبل جامعہ کراچی میں غیر ملکی اساتذہ کی وین میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔
کراچی یونیورسٹی کے کامرس ڈیپارٹمنٹ اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ آف چائنیز لنگویج کے قریب کھڑی ایک وین میں اس وقت دھماکا ہوا تھا جب وہاں بڑی تعداد میں طلبہ اور اساتذہ موجود تھے۔
دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ ناصرف وین میں آگ بھڑک اٹھی بلکہ اطراف میں گھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔