ثمینہ بیگ "کے2” سرکرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئیں، نائلہ کیانی نے بھی چوٹی سرکرلی

پاکستان کی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ نے بڑا اعزاز حاصل کرلیا۔ ثمینہ بیگ نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو پر پاکستانی پرچم لہرادیا۔ ثمینہ بیگ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کوہ پیما ہیں۔

ثمینہ بیگ نے آج صبح 7 بج کر 42 منٹ پر کے ٹو کی چوٹی سر کی۔ 8611 میٹر بلند کے ٹو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے۔ ثمینہ بیگ دنیا کی بلندترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا بھی اعزاز رکھتی ہیں۔

ثمینہ کی ٹیم کے اراکین میں شامل عید محمد، بلبل کریم، احمد بیگ، رضوان داد، وقار علی اور اکبر سدپارا بھی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز  شریف نے کے ٹو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کیلئے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ‘کے 2’ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہلخانہ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے لکھا کہ ثمینہ بینگ نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں سے پیچھے نہیں ہیں، امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔

پاکستان کی ایک اور خاتون کوہ پیما نے کے ٹو کو سر کرلیا۔ کوہ پیما نائلہ کیانی کے ٹو سر کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون کوہ  پیما بن گئی ہیں۔

نائلہ کیانی جمعہ کی صبح 10 بج کر 15 منٹ پر کے ٹو کے ٹاپ پر پہنچیں جب کہ ثمینہ بیگ نے بھی آج ہی صبح 7  بج کر 42 منٹ پر کے ٹو کی چوٹی سر کی ہے۔ ایک ہی دن میں دو پاکستانی خواتین نے کے ٹو سر کرکے تاریخ رقم کردی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts