کراچی میں جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں’’خواتین کے تحفظ ‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کو گھریلو تشدد، نفسیاتی اور جذباتی دباؤ، معاشی و جنسی استحصال، ہراساں کرنے اور سائبر کرائمز جیسے واقعات سے بچاؤ اور تحفظ کے حوالے سے طالبات کو آگاہی دی گئی۔
یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں طالبات کیلئے سیلف ڈیفنس ٹریننگ کوضروری قرار دیا جائے۔ وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول کا کہنا تھا کہ تشدد و ہراسانی کیخلاف آواز اٹھانا چاہیے۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں منعقدہ سیمینار سے افتتاحی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور ہراساں کرنے جیسے واقعات معاشرے میں ناسور کی طرح ہیں ایسے واقعات کے خلاف آواز اٹھانا چاہیے اور انہیں رپورٹ کیا جانا چاہیے۔
بریگیڈیئر بلال محمود کاکہنا تھا کہ اسلام نےخواتین کو برابری کے حقوق دیئے، ایس پی زاہدہ پروین نے خواتین کو بلا جھجک شکایت درج کروانے کی تلقین کی۔ پروفیسر لبنیٰ بیگ کاکہناتھاکہ خواتین ہر میدان میں خود کو منوانا جانتی ہیں۔
کیفی اقبال، ڈاکٹر سمیہ، خرم مہدی اورعمر حسن نے بھی سیمینار سے خطاب کیا جبکہ طلبا نے ٹیبلو پیش کیااور خود محافظ ٹیم کی جانب سے سیلف ڈیفنس ٹریننگ کروائی گئی۔