تحریک عدم اعتماد پیش نہ ہوئی، قومی اسمبلی کا اجلاس 28 مارچ تک ملتوی

قومی اسمبلی کا انتہائی اہم اجلاس فاتحہ خوانی کے بعد فوری طور پر ملتوی کردیا گیا جس کے ایجنڈے میں اپوزیشن کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد شامل تھی۔

 

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا, جس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کررہے تھے۔ اجلاس کے آغاز میں وفات پانے والے رکن قومی اسمبلی خیال زمان، سابق صدر رفیق تارڑ، مرحوم سینیٹر رحمٰن ملک، پشاور مسجد دھماکے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

 

اسپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہماری یہ روایات رہی ہے کہ وفات پانے والے ارکان کی فاتحہ خوانی کے بعد اجلاس ملتوی کردیا جاتا ہے آج بھی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اسمبلی کا اجلاس ملتوی کیا جارہا ہے۔

 

اسدقیصر نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق کہا کہ اجلاس کو 28 مارچ بروز پیر تک ملتوی کیا گیا ہے۔ تحریک عدم اعتماد اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے وہ قانون کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر کاروائی کریں گے۔

 

ممکنہ طور پر اب پیر کو ہونے والے اجلاس تحریک عدم اعتماد پر کاروائی ہوگی۔ اسی لئے اجلاس ملتوی ہونے پر اپوزیشن ارکان کی جانب سے کوئی شور شرابہ نہیں کیا گیا۔ واضح رہے اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروارکھی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts