قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مسعود کا کہنا ہے بھارت اور زمبابوے دونوں سے میچ ہارنے کا بہت افسوس ہے۔ دونوں میچز میں ہم جیت کے بہت قریب تھے لیکن اہم موقع پر غلطیوں کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
شان مسعود کا ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ بھارت اور زمبابوے کے خلاف شکست کے بعد کھلاڑیوں کی نیندیں خراب ہوگئی تھیں۔ تمام پلیئرز کا مورال ڈاؤن تھا لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہم نے ٹورنامنٹ میں کم بیک کیا ہے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ اپنے میچ پر ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف اچھا کھیلنا ہے اور دو پوائنٹس حاصل کرنے ہیں۔ جب تک گروپ کے آخری میچ کی گیند نہیں ہوجاتی امیدیں برقرار رہتیں۔
شان مسعود کا کہنا تھاکہ صرف زمبابوے ہی نہیں ہمیں بھارت کے ہاتھوں شکست کا بھی افسوس ہے کیونکہ بھارت کے خلاف ہم میچ جیت رہے تھے، ہم نے بھارت کے خلاف بولنگ بیٹنگ دونوں میں بہت اچھا پرفارم کیا، دونوں میچوں نے کھلاڑیوں پر بہت برا اثر ڈالا ہے۔
قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ بھارت اور زمبابوے سے ہار کے دھچکے کے بعد ٹیم نے اچھے انداز میں کم بیک کیا، ایسے حالات میں کم بیک کرنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن ہم نے کیا، بدقسمتی سے یہ دونوں میچز غلط وقت پر ہارے، دونوں شکست ورلڈکپ میں بہت مہنگی پڑ رہی ہیں، ان ہی شکست کی وجہ سے ہم ٹاپ ٹو پوزیشن میں نہیں آسکے۔
شان مسعود کا کہنا تھاکہ جنوبی افریقا کے خلاف کامیابی بہت ضروری تھی بنگلادیش کے خلاف میچ میں ہم 2 پوائنٹس لینے کی کوشش کریں گے، دونوں میچز میں اہم موقع پر اچھا کر لیتے تو چاروں میچز جیتے ہوتے، بھارت اور زمبابوے کے خلاف دونوں میچز ہمارے ہاتھ میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں میچز میں شکست سے افسوس ہوا، دونوں میچز میں غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں بھی غلطیاں ہوئیں، اپنی کارکردگی سے زیادہ خوش نہیں ہوں، زمبابوبے اور نیدر لینڈزکے خلاف میچ میں ناٹ آؤٹ جاتا تو زیادہ اچھا تھا۔