بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کو ہرایا تو یہ اپ سیٹ ہوگا اور انکی ٹیم اپ سیٹ کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔
شکیب الحسن کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے اور ہم اسی انداز کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہمارے بیٹرز کے اسٹرائیک ریٹ سے متعلق پریشان نہیں ہوں، ہماری کوشش ہے کہ کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
شکیب الحسن کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ کسی ایک ٹیم پر نہیں ہے، ہمیں اپنے پلان کے مطابق کھیلنا چاہیے۔ بنگلہ دیشی کپتان کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے بھارت اور پاکستان کو شکست دی تو یہ ایک اپ سیٹ ہو گا کیوں کہ دونوں ٹیمیں ہم سے بہتر ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ آئرلینڈ اور زمبابوے نے انگلینڈ اور پاکستان کو اپ سیٹ کیا ہے اگر ہم بھی ایسا کرتے ہیں تو مجھے خوشی ہو گی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کل میچ کھیلا جائے گا، جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم اپنا آخری میچ پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ بنگلہ دیش کی بھارت کو اپ سیٹ شکست پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کیلئے فائدہ مند بھی ہوسکتی ہے۔
بنگلہ دیش کے بھارت کو ہرانے اور پاکستان کے جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی پر تینوں ٹیموں گروپ میں چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ اختتام کرسکتی ہیں۔ اسکے لئے بھارت کو اپنے آخری میچ میں زمبابوے کو ہرانا ہوگا۔
پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں چھ چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ میچز کا اختتام کرتی ہیں تو تینوں ٹیموں میں سے بہتر رن ریٹ والی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گی۔