بھارت میں خطرناک ٹرین حادثے میں 3 ٹرینیں ٹکراگئیں۔ حادثے میں 288 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 900 کے قریب افراد زخمی ہیں۔ بھارتی ریاست میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ میں مسافر ٹرینوں کے تصادم میں مرنے والوں کی تعداد 288 ہو گئی، حادثے میں 900 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریل حادثے کو گزشتہ ایک عشرے سے زائد عرصے میں بھارت کا سب سے مہلک حادثہ قرار دیا گیا ہے، یہ حادثہ ضلع بالاسور کے بہناگا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔
#WATCH | Latest aerial visuals from the site of the deadly train accident in Odisha’s #Balasore
As per the latest information, the death toll stands at 238 in the collision between three trains.#BalasoreTrainAccident pic.twitter.com/PusSnQ3XWw
— ANI (@ANI) June 3, 2023
ریاست کے چیف سیکریٹری پردیپ جینا نے ٹویٹر پر کہا کہ جمعہ کو ہونے والے حادثے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
یہ تصادم جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً سات بجے شام کو اس وقت ہوا، جب بنگلور سے ہاوڑہ، مغربی بنگال جانے والی ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس کولکتہ سے چنئی جانے والی کورومنڈل ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔
روئٹرز کے مطابق حادثے سے متعلق متضاد معلومات سامنے آ رہی ہیں، ریلوے کی وزارت کے ترجمان امیتابھ شرما کے مطابق ایک ٹرین کی 10 سے 12 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں اور ملبہ قریبی ٹریک پر گر پڑا تھا۔ مخالف سمت سے آنے والی ایک اور مسافر ٹرین اس ملبے سے ٹکرا گئی، اور اس ٹرین کی بھی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بھارتی ریاست اڑیسہ میں ایک روزہ سوگ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔