معروف موٹرکار کمپنی ایم جی موٹرز کو بکنگ کے باوجود گاڑی فراہم نہ کرنا مہنگا پڑگیا۔ کراچی میں کنزیومر پروٹیکشن کورٹ شرقی نے درخواست گزار کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ارسلان نامی شہری نے عدالت میں ایم جی موٹرز کے خلاف درخواست دائر کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ کمپنی نے بکنگ کروانے باوجود نہ گاڑی فراہم کی اور نہ ہی رقم واپسی کی جارہی ہے۔
کنزیومر پروٹیکشن کورٹ شرقی میں دائر کی گئی درخواست میں ارسلان نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سال گیارہ جون کو گاڑی کی بکنگ کروائی گئی۔گاڑی کی کل قیمت 57 لاکھ 53 ہزار روپے تھی جسکی بکنگ میں 20 لاکھ روپے جمع کروائے لیکن مقررہ وقت پر گاڑی فراہم نہیں کی گئی۔
عدالت نے متعلقہ کمپنی کا موقف سننے کے بعد درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ عدالت نے ایم جی موٹرز کمپنی کو درخواست گزار کو گاڑی دینے یا رقم واپس کرنے کا حکم دینے کے ساتھ ساڑھے پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت نے جرمانہ کی رقم تیس دن میں سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر کمپنی کو ایک ماہ سے تین سال تک سزا ہو سکتی ہے۔