سپریم کورٹ آف پاکستان کے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے فیصلہ پر عمل درآمد کے لئے ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹادیا۔ ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔
درخواست دائر کرنے پر سندھ ہائی کورٹ کے جج نے استفسار کیا کہ ہے یہ کیس تو کیا پہلے سپریم کورٹ سن نہیں چکی ہے ؟ جس پر ایم کیوایم پاکستان کے وکیل طارق منصور ایڈوکیٹ نے بتایاکہ ہم یہاں سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد کے لئے ہی آئے ہیں۔
طارق منصور نے عدالت سے استدعا کی کہ بلدیاتی ایکٹ 2013 پر عمل درآمد روکا جائے اور سندھ حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں اصلاحات کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے بلدیاتی اختیارات سے متعلق درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے سندھ حکومت اور ایڈوکیٹ جرنل سندھ کو نوٹس جاری کردئے۔
ایم کیوایم رہنما کنور نوید نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بلدیاتی قوانین میں ترامیم کے حوالے درخواست کی سماعت تھی، ہماری درخواست جماعت اسلامی کی درخواست کے ساتھ منسلک کردی گئی ہے۔
کنورنوید کا کہنا تھا کہ تعلیمی اور صحت کے ادارے واپس لیے گئے ہیں، ٹائون کمیٹیوں کو مکمل اختیارات دیئے جائیں، سپریم کورٹ نے ایم کیو ایم کی استدعا منظور کی ہے عمل درآمد باقی ہے۔
کنورنویدجمیل نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل درآمد سے ترامیم والا قانون مکمل ختم ہوجائے گا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہوں گے۔