بلدیاتی انتخابات میں کامیابی، پیپلز پارٹی آج آئی آئی چندریگر روڈ پر جلسہ کرے گی، ٹریفک پلان جاری

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر آئی آئی چندریگر روڈ پر سٹی اسٹیشن کے قریب اظہارتشکر منانے اور جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں پر مشتمل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی سے اظہار تشکر کے لیے پیپلز پارٹی کے تحت آئی آئی چندریگر روڈ پر جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں کراچی کے تمام علاقوں سے پیپلز پارٹی کے ووٹرز اور سپورٹرز شرکت کریں گے۔

سعید غنی نے بتایا کہ شہر بھر سے کارکنان ریلیوں کی شکل میں آئی آئی چندریگر روڈ پہنچیں گے جہاں شام 5 بجے جلسے کا آغاز ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو زرداری جلسہ سے خطاب کریں گے اور جلسے میں ہی میئر کراچی کے امیدوار کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے جلسہ کے پیش نظر جامع ٹریفک پلان تشکیل دے دیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق جلسہ میں آنے والے شرکاء کیلئے ریلوے گراؤنڈ سٹی اسٹیشن اور ایس پی ریلوے آفس سٹی اسٹیشن میں پارکنگ کے انتظامات کئے جائیں گے۔

عوام کیلئے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ ماڑی پور سے آنے والی ٹریفک کو آئی سی آئی چوک اور جناح برج سے ٹاور اور سٹی اسٹیشن کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک کو ایم ٹی خان روڈ پر بوٹ بیسن یا پی آئی ڈی سی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

شاہین کمپلیکس سے کراچی سٹی کی طرف آنے والا راستہ کھول دیا گیا ہے۔ جبکہ ٹاور کی جانب سے آنے والے مسافر حضرات متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts