بلدیاتی انتخابات، ماڑی پور کراچی کے پولنگ اسٹیشن برساتی پانی میں ڈوب گئے

کراچی میں گزشتہ ہفتہ شدید بارشوں نے جہاں نظام زندگی متاثر کیا وہیں 24 جولائی کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کو بھی انتظامیہ کیلئے سخت چیلنج بنادیا ہے۔

کراچی کے علاقے ماڑی پور میں بارش کے بعد کئی مقامات پر اب بھی گھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہے۔ ماڑی پور کے بیشتر پولنگ اسٹیشن اس وقت کسی تالاب یا سوئمنگ پول کا منظر پیش کررہے ہیں۔ جہاں بچے تیراکی میں مصروف نظر آتے ہیں۔

روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق ماڑی پور ویلیج میں تھانہ ماڑی پور سے متصل کے۔ ایس۔ علی ڈینو اسکول ماڑی پور میں بھی بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے جس کا داخلی راستہ ایک بڑے گراؤنڈ سے ہے جہاں کم از کم ایک فٹ سے زائد پانی کھڑا ہے۔

مرکزی آبادی اور مین روڈ سے اس پولنگ اسٹیشن کی طرف جانے والی سڑک پر بھی ایک فٹ پانی بھرا ہے،سابق چیئرمین یو سی 3 ماڑی پور اور موجودہ عوام دوست پینل کے امیدوار صاحب خان جسکانی اور دیگر امیدوار پولنگ اسٹیشن سے برساتی پانی کی نکاسی کیلئے پریشان ہیں۔

اسکے ساتھ ماڑی پور میں گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول پاکستان نیوی کے اندر بڑے گراونڈ میں ایک فٹ سے زائد پانی جمع ہے، اس پانی سے اوپر نظر آنے والی اسکول کی عمارت تک کوئی ماہر تیراک ہی جا سکتا ہے۔

حکومت یا انتظامیہ کوشش کرکے پولنگ کا سامان اور عملے کو کسی کشتی کے ذریعے تو اسٹیشن تک پہنچا سکتی ہے لیکن عام ووٹر خاص طور پر خواتین کا پہنچنا کسی طور پر ممکن نہیں۔

ماڑی پور کے ایک اور پولنگ اسٹیشن کے داخلی دروازے پر خندق نما گڑھوں میں برسات کا پانی بھرا ہوا ہے اور اس کے ساتھ ہی کچرے اور قربانی کی باقیات نے علاقے کو تعفن زدہ کر رکھا ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts