بخار اور درد کی دوا پیراسیٹامول کی قیمت میں اضافہ کا فیصلہ

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بخار اور درد کی عام دوا پیراسیٹامول کی قیمت میں اضافہ کرنے کی حامی بھرلی ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کا حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی جنہیں ڈریپ کی جانب سے سمری بھجوائی جائے گی۔


 


ڈریپ نے ادویہ ساز اداروں کے مطالبہ پر پیراسیٹامول کی قیمت میں 2 روپے 67 پیسے فی ٹیبلٹ اضافہ کرنے کی سمری تیار کی ہے۔ دوا ساز اداروں نے پیراسیٹامول کی قیمت ساڑھے 3 روپے فی گولی مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔


 


ادویات بنانے والے اداروں کا موقف ہے کہ خام مال مہنگا ہونے کےباعث قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پیرا سیٹامول تیار کرنے والے خام مال کی قیمت میں 4 سے 5 گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ 6 ماہ قبل پیراسیٹامول کے خام مال کی قیمت 600 روپے فی کلو تھی جو اب 2600 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔


 


پاکستان فارماسیوٹیکل اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قاضی محمد منصور دلاور کا کہنا ہے کہ پیراسیٹامول کی قلت بھی پیداواری لاگت بڑھنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ خام مال پر 17 فیصد سیلز ٹیکس نہ ہٹایا گیا تو وہ چند دنوں میں ہڑتال کرنے جا رہے ہیں کیونکہ خام مال پر سیلز ٹیکس سے ادویات کی پیداواری لاگت میں بے تحاشہ اضافہ ہوجائے گا اور کمپنیوں کے لیے موجودہ قیمتوں پر ادویات سازی ناممکن ہوجائے گی۔


 


 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts