بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بپرجوائے کا رخ تبدیل ہوگیا۔ سمندری طوفان کا رخ پاکستان اور بھارتی ساحلی پٹی کی جانب ہوگیا۔ کراچی میں بھی بارشوں کا امکان پیدا ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان 12 گھنٹوں سے شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندری طوفان کراچی کے جنوب سے 1120 کلو میٹر دور ہے۔
طوفان کے مرکز کے گرد ہوا کی رفتار 130 سے 150 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، موسمیاتی سازگار ماحول سسٹم کی شدت میں اضافہ کر رہا ہے۔
بین الاقوامی ماڈلز طوفان کے ٹریک کے حوالے سے بے یقینی کا شکار ہیں، کچھ ماڈلز طوفان کا رخ عمان اور پاکستان کے مغربی ساحلی علاقوں کی جانب دکھا رہے ہیں۔ کچھ ماڈلز اس کا رخ بھارتی گجرات اور سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب دکھا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کے فی الحال کمزور پڑنے کے آثار نظر نہیں آرہے اور اگر اسکا رخ شمال مشرق کی ہی جانب رہا تو کراچی میں بھی موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بیپر جوائے کا رخ تبدیل ہو کر پاکستان کی جانب ہوگیا ہے۔ طوفان شمال مغرب کے بجائے اب شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اگر طوفان کا رخ اسی جانب رہا تو پاکستان کی ساحلی پٹی کے لئے خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 13 جون کی رات سے سندھ مکران کی ساحلی پٹی پر تیز ہوا اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ تاہم طوفان سے کون کون سے ملک کے ساحلی علاقے اثر انداز ہوں گے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔