سندھ ہائی کورٹ میں انجمن تاجران سندھ کی جانب سے بجلی کے بلوں میں عائد کردہ سیلز ٹیکس کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرلیا۔
عدالت میں انجمن تاجران سندھ کراچی ڈویژن کے صدر جاوید شمس نے درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چھوٹے تاجر سیلز ٹیکس کے نفاذ کے زمرے میں نہیں آتے ہیں۔ حکومت کا یہ فیصلہ غیرقانونی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل راشدمرید نے عدالت کو بتایا کہ فنانس بل کے مطابق چھوٹے تاجروں پر بھی کمرشل بجلی میں ٹیکس شامل کردیا گیا ہے اور اس ماہ کے بجلی بلز میں ٹیکس لگاکر بل بھیجے گئے ہیں۔
انجمن تاجران سندھ کی جانب سے دائر کردہ درخواست کے ساتھ فوری سماعت کیلئے بھی پٹیشن دائر کی گئی ہے۔
سندھ ہائی کورٹ کے جج نے کے الیکٹرک، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت دیگر فریقین کو 16 اگست کو تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے انجمن تاجران سندھ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی دلائل طلب کرلئے۔