کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر شہر میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے شہریوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ کےالیکٹرک نے شہریوں نے قربانی کے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ نہ باندھنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق کراچی میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ متوقع بارشوں اور بجلی کی فراہمی کے حوالے سے کے الیکٹرک کی ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔ عوام بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
عیدالضحٰی کی مناسبت سے کے الیکٹرک نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے جانوروں کو بجلی کے کھمبوں سے نہ باندھیں اور جانوروں کو بجلی کے انفراسٹرکچر سے دور رکھیں یہ ان کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش ہونے کی صورت میں شہری برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط کریں، بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
کے الیکٹرک نے بارش کی صورت میں شہریوں سے ٹوٹے ہوئے تاروں، ٹی وی اور انٹر نیٹ کیبلز ، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے۔ بارش کے دوران بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں بجلی کے آلات اور تنصیبات سے دور رکھیں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول جان لیوا حادثات کا سبب بنتا ہے۔ حفاظتی نقطہ نظر سے کنڈے و بجلی چوری والے علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی سپلائی معطل ہو سکتی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب بھی حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور بجلی بند کی جاسکتی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہری کسی ایمرجنسی کی صورت میں کے 118 کال سینٹر پر رابطہ کریں جو کسی بھی ایمرجنسی کمپلینٹ کی فوری درستگی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ بجلی کی فراہمی کے حوالے سے شکایات کے لیے 8119 پر ایس ایم ایس یا کے الیکٹرک سوشل میڈیا پلیٹ فورم پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔