پاکستان بھر میں کورونا کیسز میں نمایاں کمی، شہریوں کے بڑی تعداد میں ویکسنیشن اور کورونا صورتحال قابو میں آنے کے بعد آج نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بند کردیا جائے گا۔ ملک میں اب کورونا کی صورتحال کی مانیٹرنگ وفاقی ادارہ صحت کرے گا۔
بہترین حکمت عملی وضع کرنے اور جامع ویکسی نیشن کی مدد سے عالمی وبا کرونا کے خلاف کامیابیاں سمیٹنے والے ادارے این سی او سی کو وزیراعظم عمران خان نے خراج تحسین پیش کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ آج نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ختم کیا جارہا ہے، اس موقع پر این سی او سی کی قیادت اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے لکھا کہ عالمی وبا کرونا کے دوران لگائی جانے والی پابندیوں کے دوران این سی او سی کی خدمات قابل تعریف رہیں، این سی او سی نے قومی اتحاد سے وبا کا کامیابی سے سامنا کیا اور عالمی اداروں نےپاکستان کی بہترین حکمت عملی کااعتراف کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا سے بچاؤ کے لئے جو اقدامات کیے گئے تھے انہیں دنیا بھر میں خوش آئند قرار دیا گیا تھا۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء سے متعلق ذمے داریاں وزارتِ صحت کو منتقل کر دی گئی ہیں۔ انکے لیے این سی او سی کی سربراہی باعثِ فخر رہی، پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا، دنیا نے اس کی تعریف کی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر مارچ 2020 میں تشکیل دیا گیا تھا، این سی او سی میں ملک بھر سے کرونا کے اعداد و شمار جمع کیے جاتے تھے، این سی او سی کو ڈیٹا فراہمی میں پولیو ای او سی نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
نیشنل ویکسینیشن اسٹریٹجی کی تیاری کا سہرا این سی او سی کے سر ہے، کرونا ویکسینیشن میں ای پی آئی کے بنیادی ڈھانچے نے اہم کردار ادا کیا، ملک میں کرونا سے متعلق پابندیوں کے نفاذ سمیت تمام فیصلے این سی او سی کرتا تھا، اس مرکز کے وفاق اور صوبائی سطح پر متعدد اجلاس منعقد ہوئے۔