قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 کورنگی کراچی میں ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔ الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اب تک 13 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادئے۔
قومی اسمبلی کی نشست این اے 240 پر انتخابات کیلئے ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 6 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ ایم کیوایم سے محمد ابوبکر،شیر زمان،مصود محمود ،محمد صادق عارف اعظم اور نگہت فاطمہ نے کاغذات جمع کروائے۔
پاکستان تحریک لبیک کی جانب سے 3 امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے جس میں شہزادہ شہباز،محمد کاشف اور عبد الستار شامل ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے دو امیدوار خان زمان خٹک اور گوہر علی خٹک الیکشن لڑنے کے خواہش مند ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک امیدوار محمدنعیم اور ایک آزاد امیدوار ایرک مشتاق نے بھی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
این اے 240 کی نشست پر پولنگ 16 جون کو ہوگی۔ یہ نشست ایم کیو ایم کے اقبال محمدعلی خان کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔ اقبال محمدعلی نے 2018 کے عام انتخابات میں 61 ہزار 165 ووٹ لے کر اس نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔
این اے 240 کورنگی کراچی پر 2018 کے عام انتخابات میں تحریک لبیک کے محمدآصف 30535 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور پاکستان تحریک انصاف کے فرخ منظور 29941 ووٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے تھے۔