ایم کیوایم پاکستان نے رعنا انصار کو سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کردیا

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے رکن سندھ اسمبلی رعنا انصار کو قائدحزب اختلاف کیلئے نامزد کردیا ہے۔ علی خورشیدی سندھ اسمبلی کیلئے ایم کیوایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔

ترجمان ایم کیو ایم نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی مخصوص نشست پر سندھ اسمبلی کی رکن رعنا انصار کو صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر جب کہ علی خورشیدی ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔ رعنا انصار سندھ اسمبلی کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر ہوں گی۔

ترجمان ایم کیوایم پاکستان کے مطابق یہ فیصلہ ایم کیو ایم بہادر آباد میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی توثیق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے آج ہی اپوزیشن لیڈر کے متعلق فیصلہ متوقع ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے جی ڈی اے کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ایم کیوایم کا وفد اس حوالے سے جلد جی ڈی اے سے ملاقات کرے گا، اور رعنا انصار کو اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کی حمایت کی درخواست کی جائے گی۔ سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے 21 اورجی ڈی اے 14 اراکین ہیں۔

سندھ اسمبلی کی اپوزیشن میں پی ٹی آئی کی 30، ایم کیو ایم پاکستان کی 21، جی ڈی اے کے 14، ٹی ایل پی کے 3 جب کہ جماعت اسلامی کی ایک نشست ہے۔

رپورٹس کے مطابق رعناانصار کی بطور اپوزیشن تعیناتی کیلئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان آج سہ پہر 3 بجے سیکریٹری اسمبلی کے پاس درخواست جمع کرائے گی، ایم کیو ایم کے رہنما علی خورشیدی نے سیکریٹری سندھ کو آگاہ کر دیا۔

واضح رہے سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے حلیم عادل شیخ اپوزیشن لیڈر ہیں لیکن سندھ اسمبلی سے پی ٹی آئی کے ارکان کی غیرموجودگی میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts