متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ جسکے بعد پولیس نے صداقت حسین کو سیکیورٹی گارڈ فراہم کردئے ہیں۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ صداقت حسین کے گھر کے باہر پیش آیا۔ صداقت حسین کا کہنا ہے کہ جس وقت واقعہ ہوا وہ گھر پر موجود نہیں تھے انکی اہلیہ نے فون کرکے فائرنگ سے متعلق آگاہ کیا۔
صداقت حسین نے بتایا کہ کچھ لوگ گھر میں کاغذات تصدیق کرانے آئے تھے، ڈاکوؤں نے انہیں لوٹنےکی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جو میرےگھر کے دروازے پر لگی۔ میں ایک ہفتے سے پولیس کو اپنے علاقے میں ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کا بتا رہا ہوں۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب کا کہنا ہےکہ ہمیں فائرنگ کی اطلاع ملی ہے، اطلاعات کے مطابق گلی کے باہر واردات ہوئی۔ پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ احتیاطاً صداقت حسین کو 4 سیکیورٹٰی گارڈ فراہم کردئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 سال قبل بھی اورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم رکن سندھ اسمبلی صداقت حسین کے گھر کے باہر فائرنگ سے ان کے بھائی اور بہنوئی زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کے وقت صداقت حسین اپنے بھائی اور بہنوئی کے ساتھ گھرکے باہر بیٹھے تھے تاہم وہ محفوظ رہے تھے۔