سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی کی مشہور لیاقت آباد سپرمارکیٹ کی عمارت کو مخدوش قرار دے کر سیل کردیا۔ سپرمارکیٹ میں 750 دکانیں موجود ہیں۔
ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ سیل کی گئی لیاقت آباد سپرمارکیٹ کی 9 منزلہ عمارت ناقابل استعمال ہے، سپرمارکیٹ کی بیسمنٹ میں کئی سال سے پانی جمع ہے۔
عمارت کی بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور، میزنائن فلور اور 9 منزلہ بلڈنگ کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا ہے، سپرمارکیٹ میں چار سرکاری دفاتر بھی ہیں جنہیں سیل کیا گیا ہے۔ سیل شدہ عمارت میں واٹر بورڈ، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ، لائبریری اور کے ایم سی لیز کے دفاتر موجود ہیں۔
سندھ بلڈنگ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر لیاقت آباد کی جانب سے کارروائی کرکے عمارت کو سیل کیا گیا۔ سیل شدہ سپرمارکیٹ کی بیسمنٹ میں گزشتہ کئی سال سے کئی فٹ پانی جمع ہے جس کے سبب لیاقت آباد سپرمارکیٹ کو کئی سال قبل بھی انتہائی مخدوش قرار دیا گیا تھا۔
ایس بی سی اے کی جانب سے لیاقت آباد سپر مارکیٹ سیل کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دکانداروں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے 750 دکانوں پر تالے لگوا دیے لیکن کوئی نوٹس نہیں دیا۔ مضبوط عمارت کو مخدوش قرار دے کر 750 دکانوں کو سیل کردینے کی کوئی منطق نہیں بنتی ہے۔