ایران کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان کی جوابی کارروائی، دہشتگردوں کے ٹھکانے پر حملہ، متعدد ہلاک

پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے علاقے سیستان میں دہشتگرد گروہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور ان کے کئی ٹھکانوں پر حملے کیے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، پاکستان نے آپریشن مرگ بر سرمچار نامی آپریشن میں کئی دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی، کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کا کامیاب انعقاد بھی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔

پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts