اٹھارہ جون کا تاریخی دن، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان چیمپیئنز ٹرافی سے سرفراز ہوا

اٹھارہ جون کا دن پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔  پانچ سال قبل آج کے ہی دن سرفرازاحمد کی قیادانہ صلاحیت نے پاکستان کو پہلی بار چیمپیئنز ٹرافی سے سرفراز کیا۔

 

روایتی حریف بھارت کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ سرفرازاحمد نے ٹیم کو اسطرح لڑایا کہ شاہینوں نے سورماؤں کا سرما بناکر چیمپیئنز ٹرافی جیت کر تاریخ رقم کی۔

 

اٹھارہ جون 2017 کو انگلینڈ میں لندن کے اوول کرکٹ اسٹیڈیم پر پاکستان نے بھارت کو 180 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی اور پاکستان کی یہ فتح تاریخ میں ہمیشہ کیلئے امر ہوگئی۔

 

میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 4 وکٹوں پر 338 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا۔ اننگز کی خاص بات فخرزمان کی شاندار سینچری تھی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے پاکستان کا فخر بلند کرتے ہوئے 114 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔

 

اظہرعلی نے 59 اور موجودہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 46 رنز بنائے۔ محمدحفیظ نے برق رفتاری سے 57 اور عماد وسیم نے بھی جارحانہ 25 رنز بنائے۔

 

بلے بازی میں دھاک بٹھانے کے بعد باؤلرز نے بھی قوم کو مایوس نہیں کیا۔ ان فارم فاسٹ باؤلر محمدعامر بھارتی ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹے اور ٹاپ 3 بلے بازوں کو آؤٹ کرکے بھارتی بیٹنگ کے پاور ہاؤس کا فیوز اڑا دیا۔

 

عامر نے پہلے ہی اوور میں روہت شرما کو پویلین چلتا کیا۔ ویرات کوہلی کو کیچ ڈراپ ہونے کے بعد نئی زندگی ضرور ملی لیکن اگلی ہی گیند پر عامر نے ایک بار پھر کوہلی کی بولتی بند کردی۔ شکھر دھوون بھی عامر کا شکار بنے۔

 

بھارتی ٹیم محمد عامر کے وار سے ابھی سنبھل نہ پائی تھی کہ حسن علی نے بھی حریفوں پر بجلی گرادی، اور یکے بعد دیگرے تین وکٹیں لیکر پاکستان کو چیمینئز ٹرافی کے مزید قریب کردیا۔

 

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں آل راؤنڈر شاداب حسن کا تذکرہ نہ کیا جائے تو زیادتی ہوگی، بھارتی بلے باز یوراج سنگھ کے ایل بی ڈبلیو پر ریویو لینے کا وہ منظر پاکستانی شائقین آج تک نہیں بھولے ہیں۔

 

جب انہوں نے جوشیلے انداز میں کپتان سرفراز احمد سے کہا ‘ یہ ہوگیا’ یہ ہوگیا آؤٹ’ ۔ ریویو لیا گیا جو پاکستان کے حق میں آیا اور بھارتی بلے باز کو پویلین لوٹنا پڑا۔

 

بھارتی بلے باز ہاردک پانڈیا ہی ایک واحد کھلاڑی تھے، جنہوں نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ رن آؤٹ ہوئے انہوں نے اس ٹورنامنٹ میں تیز ترین نصف سنچری بنائی اور چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 43 گیندوں پر 76 رنز اسکور کئے مگر وہ بھی بے سود رہے۔

 

بھارتی ٹیم 158 رنز پر پویلین لوٹی اور یوں پاکستان نے فائنل 180 رنز کے بھاری مارجن سے اپنے نام کیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان نے آئی سی سی کے کسی اہم ایونٹ میں بھارت کو ہرا کر ٹائٹل تھاما۔

 

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts