آئی ایم ایف سے معاہدے کے باوجود پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مستحکم نہ ہوسکی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں آج اضافہ دیکھا گیا جبکہ انٹربینک میں معمولی کمی ہوئی۔
رپورٹس کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 294 روپے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ڈالر کی قدر میں 37 پیسے کی کمی کے ساتھ ہوا، جس سےڈالر کی قیمت 286.59 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس کے مطابق پی ایس ایکس میں 419 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 49004 کی سطح پر آ گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 12 جون 2017ء کے بعد انڈیکس 49000 پوائنٹس کی سطح پر بحال ہوا ہے۔