کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں راہ چلتی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے اور خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ضلع ویسٹ پولیس نے خاتون سے غیر اخلاقی حرکت اور ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کی راہگیر خاتون کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ایس ایچ او اورنگی نے ویڈیو اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے کاروائی کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت عدیل بیگ عرف تقی ولد لیاقت بیگ کے نام سے ہوئی۔
پولیس کی جانب سے متاثرہ خاتون سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے، خاتون نجی آفس میں ملازمت کرتی ہے۔ خاتون کو ہراساں کرنے کا واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 6 ای مجاہدآباد میں پیش آیا تھا۔ پولیس کی جانب سے متاثرہ خاتون کا بیان قلم بند اور ملزم کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
پولیس کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ پولیس عورتوں اور بچیوں کو سیف انوائیرمینٹ دینے کے لئے مسلسل کوشاں ہے، والدین حضرات سے التماس ہیکہ اپنے بچوں کو اس طرح کی حرکات کرنے کی صورت میں اس کے نتائج سے آگاہ کریں۔