انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کراچی پہنچ گئی۔ انگلینڈ ٹیم 17 سال کے طویل عرصے بعد دورہ پاکستان پر آئی ہے۔ مہمان ٹیم دورہ پاکستان پر 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
انگلینڈ ٹیم کی کراچی آمد پر مہمان کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ پی سی بی حکام نے انگلش ٹیم کے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔ جوز بٹلر انگلینڈ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم کو ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔ اس دوران سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر آج دوپہر کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔
انگلینڈ کی ٹیم 16 ستمبر سے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا آغاز کردے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مہمان ٹیم کا رات کے سیشن میں پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔ اس دن کوئی میڈیا ٹاک یا پریس کانفرنس نہیں ہوگی۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 17 ، 18 اور 19 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کریں گی۔ تینوں روز رات سات بجے پریکٹس کا آغاز ہوگا۔ 17 ستمبر کو دونوں ٹیموں کا کوئی کھلاڑی، 18 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے کپتان اور 19 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے کوچز پریس کانفرنس کریں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کراچی میں 20 ، 22 ، 23 اور 25 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ چاروں میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے اور تمام میچز رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔
کراچی کے میچز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم لاہور روانہ ہوجائے گی جہاں سیریز کے باقی تین میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 28 ستمبر، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔ لاہور کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم وطن واپس روانہ ہوں جائے گی اور دسمبر میں ایک بار پھر ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آئے گی۔