انگلینڈ کا تاریخی دورہ پاکستان، مہمان ٹیم 17 برس بعد کل صبح کراچی پہنچے گی

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مہمان ٹیم کل الصبح کراچی پہنچے گی۔ انگلینڈ کی ٹیم 2005 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم دورہ پاکستان پر 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے کراچی مرحلے کے میچز کے دوران کی سرگرمیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں جسکے مطابق جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم جمعرات کو الصبح کراچی پہنچ جائے گی۔

کراچی آمد پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں کا شایان شان طریقے سے استقبال کیا جائے گا اور انہیں مکمل پروٹوکول کے ساتھ ائیرپورٹ سے ہوٹل منتقل کیا جائے گا۔ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر کل دوپہر پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

انگلینڈ کی ٹیم 16 ستمبر سے دورہ پاکستان کی تیاریوں کا آغاز کردے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مہمان ٹیم کا رات کے سیشن میں پریکٹس سیشن شیڈول ہے۔ اس دن کوئی میڈیا ٹاک یا پریس کانفرنس نہیں ہوگی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 17 ، 18 اور 19 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کریں گی۔ تینوں روز رات سات بجے پریکٹس کا آغاز ہوگا۔ 17 ستمبر کو دونوں ٹیموں کا کوئی کھلاڑی، 18 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے کپتان اور 19 ستمبر کو دونوں ٹیموں کے کوچز پریس کانفرنس کریں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کراچی میں 20 ، 22 ، 23 اور 25 ستمبر کو ٹی ٹوئنٹی میچز شیڈول ہیں۔ چاروں میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے اور تمام میچز رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔

کراچی کے میچز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم لاہور روانہ ہوجائے گی جہاں سیریز کے باقی تین میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 28 ستمبر، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔ لاہور کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم وطن واپس روانہ ہوں جائے گی اور دسمبر میں ایک بار پھر ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آئے گی۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts