پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کے باعث ملکی معیشیت داؤ پر لگ گئی۔ ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے باعث کاروباری طبقہ شدید پریشانی سے دوچار ہے۔
انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل تین روز اضافے کے بعد آج اچانک کمی شروع ہوگئی۔ کاروبار کے آغاز سے اب تک روپے کے مقابلے میں ڈالر 3 روپے 8 پیسے سستا ہوگیا۔
انٹربینک میں ڈالر 200 روپے سے نیچے آگیا، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی 199 روپے 75 پیسے میں ٹریڈنگ ہورہی ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کی کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت کم ہوگئی ہے ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 202 روپے سے نیچے آگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈالر انٹر بینک میں مزید 1.60 روپے تک اور اوپن مارکیٹ میں 2 روپے مہنگا ہو کر 202 روپے کی حد بھی عبور کر گیا تھا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے کہا کہ غیرملکی کرنسی پر پابندی کی رپورٹس کو حکومت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے مسترد کیے جانے کی وجہ سے روپے کی بحالی میں مدد ملی۔