Search
Close this search box.

امریکا میں شدید سردی کی لہر، برفانی طوفان سے 22 اموات، نظام زندگی مفلوج

امریکا میں یخ بستہ ہوائیں اور شدید برفباری نے نظام زندگی مفلوج کردیا ہے، 17 لاکھ لوگ بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ سرد طوفان کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہونے سے لاکھوں افراد کرسمس کے موقع پر مختلف شہروں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرد طوفان، یخ بستہ ہوائیں اور درجہ حرارت خطرناک حد تک پہنچنے کی وجہ سے کئی علاقے منجمد ہوگئے جس کی وجہ سے امریکا کی 6 ریاستوں میں 22 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں آئل ریفارئنریوں نے آلات کی خرابی کے سبب پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار میں کمی کردی اور مزید نقصان سے بچنے کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ وائیر ڈاٹ کام کے مطابق سرد طوفان ’بم سائیکلون‘ کی وجہ سے گزشتہ روز (24 دسمبر) کو ایک ہزار 900 امریکی پروازیں منسوخ کردی گئیں، اس سے قبل بھی 6 ہزار پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی شدت مزید 2 روزتک برقرار رہنے کا امکان ہے، شدید برفباری سے معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے چلا گیا، شہر کے شہر برف سے ڈھک گئے ہیں۔

مرکزی شاہراہوں پر دور تک جگہ جگہ گاڑیاں پھنسی نظرآرہی ہیں، وسط مغربی اورشمال مشرقی علاقے سب سے زیادہ سردی کی لپیٹ میں ہیں، بفیلومیں دو فیٹ سے زائد برف گرچکی، بہت سے مقامات پرحد نگاہ صفرہوچکی ہے۔

محکمہ موسمیات نے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر پر عمل کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب کینیڈا میں بھی برفانی طوفان کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اونٹاریو میں 75,000 سے زیادہ صارفین بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں