وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر زور دیا ہے کہ وہ طویل عرصے تک چلنے والے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا محفوظ فیصلہ جلد سنائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں پر بار بار اور بے شرمانہ حملوں کے باوجود عمران نیازی کو طویل عرصے سے کھلا راستہ دیا گیا ہے، انہیں دی جانے والی کھلی چھوٹ نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
I urge the Election Commission of Pakistan to announce long-delayed judgment on PTI foreign funding case. For long has Imran Niazi been given a free pass despite his repeated & shameless attacks on state institutions. Impunity given to him has hurt the country.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 19, 2022
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان پر زور دیتا ہوں کہ وہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا طویل عرصے سے محفوظ فیصلے کا اعلان کرے۔
واضح رہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے ‘ہنڈی’ کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف 2014 سے زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ گزشتہ ماہ محفوظ کر لیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کا یہ بیان 17 جولائی کو پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی کے 2 روز بعد سامنے آیا ہے۔