پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ جن سیاسی جماعتوں کو عوام پر اعتماد نہیں وہ جماعتیں الیکشن سے فرار ہونے کا راستہ ڈھونڈ رہی ہیں۔عوام میں اپنی مقبولیت کھونے والی جماعتیں الیکشن سے خوفزدہ ہوکر الیکشن میں تاخیر چاہتی ہیں۔
الیکشن کمیشن کیجانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ کرنے کی وجہ سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ بدھ کو جاری بیان میں نثار کھوڑونے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن قوم کو ابھام سے نکالنے کے لئے عام انتخابات کی تاریخ اور شیڈول کا اعلان کرے۔
جی ڈی اے اور ایم کیو ایم پاکستان کا نگران وزیراعلی سندھ کو پیپلز پارٹی کی بی ٹیم قرار دینے کے الزامات الیکشن سے قبل اپنی شکست دیکھ کر دباؤ بڑھانے کی کوشش ہے۔ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کا نگران وزیراعلی سندھ کے نام پر اتفاق کے بعد الزامات عائد کرنا الیکشن سے قبل الیکشن عمل کو متنازعہ کرنے کی سازش ہے۔ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم پاکستان انتخابات سے قبل اپنی شکست دکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہیں۔
نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ الیکشن شیڈول کے اعلان ہونے کے قبل جی ڈی اے، ایم کیو ایم پاکستان اور جے یو آئی ایف کا منتخب بلدیاتی نمائندوں کی معطلی کا مطالبہ غیر آئینی اور بلاجواز ہے۔
پیپلز پارٹی الیکشن کے لئے تیار کے کیوں کے ہمیں عوام پر بھرپور اعتماد ہے۔پیپلز پارٹی عوام کی قوت سے بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی سندھ بھر میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے چوتھی مرتبہ بھی حکومت بنائے گی۔ ہر سیاسی جماعت کو الیکشن میں حصہ لینے اور سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہونی چاہئے اور فیصلہ عوام کے ووٹ سے ہوگا۔
نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ 18 اکتوبر سانحہ کارساز کے شہداء کی 16 ویں برسی کی تقریبات سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔برسی تقریبات میں سانحہ کارساز کے شھداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔