Search
Close this search box.

اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملتی ہے، جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی، خطبہ حج

دنیا بھر کے 20 لاکھ سے زائد مسلمان مناسک حج کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا گیا۔ مسجد نمرہ میں مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا۔

شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد نے خطبہ حج میں کہا کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت موجود ہے، اللہ نے پیغمبر محمدﷺ کے احکامات پر عمل کا حکم دیا ہے۔

امام وخطیب مسجد الحرام کا کہنا تھا کہ نماز برائی سے بچاتی ہے، شیطان کے وسوسوں سے خود کو محفوظ رکھیں،اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو رحمت بناکر بھیجا،پیغمبرﷺ کی عزت کرنے والوں نے فلاح پائی،رسول ﷺ کی اتباع کرنے والوں نے ہمیشہ ہدایت پائی ہے۔

خطبہ حج میں شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد کا کہنا تھا کہ شیطان کے دھوکوں اور وسوسوں سے خود کو محفوظ رکھو، اللہ تعالیٰ نے نبی ﷺ کی سنت پر عمل درآمد کاحکم دیا ہے،اللہ فلاح کے ساتھ نجات دیتا ہے،اللہ تعالیٰ نے دین اسلام لوگوں کیلئے پسند کیا۔

اللہ تعالیٰ پر توکل کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملتی ہے،اللہ تعالیٰ کے سواکوئی عبادت کے لائق نہیں،اسلام فحاشی اور برائی سے منع کرتا ہے،اللہ تعالیٰ عظیم ہے اور بہت بڑی حکمت والا ہے۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اے لوگو! مصیبتوں اور فساد سے دور رہو،زکوۃ اداکرو،حقوق العباد کاخیال رکھو،قرآن میں لوگوں کیلئے ہدایت موجود ہے،اسلام امانت میں خیانت سے منع کرتا ہے،اے لوگو،غیبت سے پرہیزکرو،خطبہ حج میں کہا گیا کہ کسی کو برے نام اور برے القابات سے نہ پکارو۔

شیخ ڈاکٹر ماہربن حمد نے کہا کہ اللہ نے فرمایا میری محبت نے ہر چیز کو گھیر رکھا ہے، اللہ پر توکل کرنے والوں پر اللہ کافی ہے، اللہ نے فرمایا میری رحمت نے ہر چیز کو ڈھانپا ہوا ہے، اللہ ہر چیز کا مالک ہے اور اس کا نازل کردہ قرآن سیدھی راہ دکھاتا ہے، اے لوگو اللہ سے ڈرو، تقوی ہی فلاح کا راستہ ہے، دنیا کی زندگی کہیں تمہیں دھوکے میں نہ رکھے۔

انہوں نے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں حضرت محمدؐ اللہ کے رسول ہیں، اللہ نے آپ ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا، اللہ نے محمد ﷺ کو نبیﷺ بنا کر بھیجا اور نبی کریم ﷺ کی پیروی کا حکم دیا بے شک اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی پیروی کرنے والے ہی دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوں گے، رسول ﷺ کی اتباع کرنے والوں نے ہی فلاح پائی۔

امام مسجد الحرام نے کہا کہ اس دن سے ڈرو جب بیٹا باپ کے اور باپ بیٹے کے کام نہ آئے گا، نماز پڑھو بے شک نماز برائی سے بچاتی ہے، اللہ پر توکل رکھنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملتی ہے۔

شیخ ماہر بن حمد نے کہا کہ اے ایمان والوں اللہ کی بات کرو، انصاف کی بات کرو، اللہ پر توکل کرنے والوں کو دنیا و آخرت میں کامیابی ملتی ہے، متقی کو وہاں سے رزق ادا ہوگا جہاں سے اس کو گماں بھی نہ ہو گا، انسان کو خیر کے راستے پر چلنا چاہیے۔ قرآن کہتا ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ والدین کا نافرمان نہ دنیا میں کامیاب ہو گا اور نہ آخرت میں، اسلام امانت میں خیانت سے منع کرتا ہے، اللہ تعالی سننے اور دیکھنے والا ہے، اے ایمان والو، اللہ اور رسول ﷺ کی بات مانو، اللہ نے انسانوں کو اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا، اللہ نے فرمایا، کسی کو ناحق قتل نہ کرو، جو تقوی کا راستہ اپنائے گا اللہ اسے معاف کر دے گا۔

جواب دیں

اقسام

رابطہ کی معلومات

ہمیں فالو کریں