نئی حکومت کے ساتھ کام نہیں کروں گا، اصول پسند آدمی ہوں لوٹا نہیں ہوں، شوکت ترین
اصول پسند آدمی ہوں لوٹا نہیں ہوں، حکومت گئی تو وزیر نہیں رہوں گا، شوکت ترین
وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جانے کی صورت میں کسی دوسرے حکومت کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ وہ اصول پسند آدمی ہیں لوٹا نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے غیریقنی صورتحال ضرور پیدا ہوسکتی ہے اس لیے یہ صورتحال اگلے چند دنوں میں ختم ہونی چاہیے، اگر تحریک انصاف کی حکومت نہ رہی تو میں بھی وزیر نہیں رہوں گا۔
وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا کہ میں اصول پسند آدمی ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ معذرت کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں لوٹا نہیں ہوں۔
واضح رہے شوکت ترین ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ لوگ بہت ناخوش ہیں، بہت مارا ماری ہے اور عذاب آگیا ہے لیکن انٹرنیشنل سروے اس کے برعکس بتا رہا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خوشحال ممالک کی فہرست میں پاکستان 2018 میں 75ویں نمبر پر تھا، رواں سال 7 درجے بہتری کے بعد پاکستان 67ویں نمبر پر آگیا ہے۔
ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے کی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں لیکن پچھلے مہینے یہ ساڑھے 54 کروڑ ڈالر ہوگیا، برآمدات 28 فیصد بڑھ گئی ہیں، درآمدات 6.3 ارب ڈالرز سے کم ہوکر پچھلے مہینے 5.2 ارب ڈالرز پر آگئیں۔
شوکت ترین نے بتایا کہ سروسز ایکسپورٹ 521 ملین ڈالرز سے بڑھ کر 527 ملین ڈالرز ہوگئیں، ترسیلات 2.144 سے بڑھ کر 2.190 ہوگئیں، رمضان اور عید پر یہ مزید بڑھ جائیں گی۔ ٹوٹل ایکسپورٹس 20.6 ارب ڈالرز ہیں اور ترسیلات 20.1 ارب ڈالر ہیں۔
شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی پر بہت شور شرابہ رہتا ہے، تازہ ایس پی آئی دیکھیں تو مہنگائی کی شرح 1.37 فیصد کمی کے ساتھ 15.12 فیصد پر آگئی ہے جوکہ 36 مہینوں میں کم ترین ہے، دال مونگ، انڈے اور آلو سمیت کئی چیزیں سستی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی بھی سستی ہوئی ہے، 5 روپے کے ریلیف سے فرق یہ آیا ہے کہ جس کا 1800 روپے بل آتا تھا اس کو 805 روپے کا ریلیف ملا اور بل ایک ہزار تک آگیا، آنے والے ہفتوں میں آپ اس کے مزید اثرات دیکھیں گے۔ وزیرخزانہ نے ڈیزل کے بحران کے خدشہ کو بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 34 دن کا ڈیزل موجود ہے۔