وفاقی وزیر برائے بحری امور اور پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی تواتر سے ہونے والی وارداتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا۔ علی زیدی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری پولیس پر ہے۔
علی حیدر زیدی نے سماء ٹی وی کے صحافی اطہر متین کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کو خراب کرنے والے سخت سزاؤں کے مستحق ہیں۔ کراچی میں دن بدن بڑھتے ہوئے اسٹریم کرائم کے واقعات سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھتا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پولیس کو ملزمان کو جلد از جلد کٹہرے میں لانا چاہئے اور شہر میں امن امان کی فضا قائم کرکے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا چاہئے۔
واضح رہے آج صبح کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی ، جس کے نتیجے میں صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے صحافی نجی نیوز چینل سے وابستہ تھے، مقتول اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھرواپس لوٹ رہے تھے۔ اطہر متین معروف ٹی وی اینکر پرسن طارق متین کے بھائی تھے۔ پولیس کی جانب سے اطہرمتین کی ہلاکت کے بعد قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تحقیقات کی جارہی ہے۔