صدر مملکت اور چیف الیکشن کمشنر کے درمیان عام انتخابات کی تاریخ پر اتفاق ہونے کے بعد دوسرے روز بھی مثبت رجحان جاری ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔
بازار کے پہلے کاروباری سیشن میں 24 کروڑ 84 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے، اس دوران کاروبار کی مالیت 8 ارب 25 کروڑ روپے رہی۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 52 ہزار 656 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے سربراہ رضا جعفری نے کہا تھا کہ معیشت پر زیادہ توجہ، آگے بڑھنے کے لیے مالیاتی معاملات سے متعلق مثبت امکانات اور آئی ایم ایف جائزے کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کی امید مثبت رجحان کے معاون عوامل ہیں۔
دوسری جانب انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا۔ آج کاروبار کے آغاز میں ہی انٹر بینک میں ڈالر نے اپنی قدر میں مزید اضافہ کیا ہے۔
انٹر بینک میں ڈالر 7 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 284 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 283 روپے 43 پیسے پر بند ہوا تھا۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہونے کےبعد 285 روپے کا ہو گیا ہے۔