پاکستان سپرلیگ سیون میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اہم ترین پلیئر ایلکس ہیلز ذاتی وجوہات کی بنا پر لیگ سے دستبردار ہوگئے۔ ایلکس ہیلز پی ایس ایل سیون کے باقی میچز نہیں کھیلیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایلکس ہیلز مسلسل بائیوببل میں رہ کر ذہنی تھکاوٹ کا شکار ہوگئے تھے جسکے باعث انہوں نے مذید کھیلنے سے معذرت کرلی ہے۔
ایلکس ہیلز کی دستبرداری سے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کمبی نیشن بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اسلام آباد کے پال اسٹرلنگ پہلے ہی آئرلینڈ کے میچز کے واپس روانہ ہوچکے ہیں جبکہ رحمان اللہ گرباز بھی 19 فروری کے بعد ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی ایس ایل سیون میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاپ آرڈر ایلکس ہیلز ۔ پال اسٹرلنگ ۔ رحمان اللہ گرباز اور کولن منرو پر ہی مشتمل تھا، اسلام آباد کے پاس اب صرف کولن منرو ہی باقی ہیں اور انہیں کسی دوسرے پلیئر کے ساتھ نیا کمبی نیشن بنانا ہوگا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پی ایس ایل سیون کے 7 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔