متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے مرکز کا دورہ کیا اور انہیں ایم کیوایم کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔
مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ ن لیگ کے دفتر میں ہمارا استقبال کیا گیا۔ ہم یہاں دعوت دینے آئے ہیں۔ مسلم امہ متحد نہیں ہے ہم سب لوگ اپنی اپنی آواز اٹھا رہے ہیں لیکن ہمیں امت کے ایک ہونے کا پیغام دینا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم کل 3 بجے شاہراہ فیصل پر ایک ریلی کا انعقاد کرے گی۔ مسلم لیگ ن کے ساتھ سیاسی اختلافات ہیں جو کل بھی رہیں گے لیکن اس مسئلہ پر دنیا کو بتانا ہے کہ ہم ایک ہیں۔ ہم کہتے ہیں اپنے اختلافات رکھتے ہوئے ایک پوائنٹ پر یکجا ہو جائیں ۔
فلسطین کی جگہ ہمارے لیے مقدس ہے قائد اعظم نے کہا ہے اسرائیل دنیا میں ایک ناجائز ریاست ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا مشکور ہوں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما محمدزبیر کا کہنا تھا کہ ہمارے ایم کیو ایم کے دوست ہمارے مرکز آئے ہیں، ایم کیو ایم سے جب بھی ملاقات ہوتی ہے خوشی ہوتی ہے۔
محمدزبیر نے کہا کہ ہم لوگ کل خود نواز شریف کے استقبال کیلئے کراچی سے روانہ ہورہے ہیں لیکن جو لوگ لاہور نہیں جائیں گے وہ ایم کیوایم کی ریلی میں ضرور شرکت کریں گے۔