پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا نے مضبوط اسکواڈ کا اعلان کیا ہے مگر ہم بھی اس چیلنج کے لئے تیار ہیں۔
دورہ آسٹریلیا پر موجود فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے اور امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف اچھی پرفارمنس دکھائیں گے۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کینبرا میں کھیلنے کا تجربہ زیادہ نہیں ہے مگر آسٹریلیا پرائیم منسٹر ( پی ایم ) الیون کے خلاف پریکٹس میچ ہماری تیاری کے لئے اہم ہوگا اور ان 4 دنوں میں ہمیں ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے خلاف کھیل چکے ہیں، انہیں جانتے ہیں وہ ہمیشہ مضبوطی سے کھیلتے ہیں لیکن ہم بھی تیار ہیں۔
ڈیوڈ وارنر سے متعلق سوال پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وارنر کا کیریئر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں مگر مجھے امید ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اچھی پرفارمنس نہیں دیں گے۔
سڈنی ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کی جانب سے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کرنے کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنا وقت بچانے کے لیے خود سامان اٹھایا، اگلی فلائٹ میں تیس منٹ تھے، وہ دو بندے تھے ہم نے کہا کہ جلد کام ختم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف مدد کے لپے ایسا کیا اس کے علاوہ کچھ نہیں، ہم اس ٹیم کو ایک فیملی کہتے ہیں اور فیملی بن کر مدد کی۔