آسٹریلیا کے تاریخی دورہ پاکستان کو چوہوں نے مذید یادگار بنادیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے پی سی بی کو لکھے گئے خط میں دورے سے متعلق تاثرات میں چوہوں کا خاص طور پر ذکر کیا گیا۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم رواں برس چوبیس برس کے طویل عرصے بعد مارچ اپریل میں دورہ پاکستان پر آئی۔ راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ کے اختتام کے بعد مہمان ٹیم دوسرے ٹیسٹ کیلئے کراچی پہنچی تو نجی ہوٹل میں چوہوں نے استقبال کیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے لکھے گئے خط میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلین ٹیم کے کھلاڑیوں کو کراچی کے نجی ہوٹل میں چوہوں نے بہت تنگ کیا۔ کھلاڑی جب کمروں میں پہنچے تو وہاں چوہے موجود تھے۔ جس پر پی سی بی کو پریشانی سے آگاہ کیا گیا۔
پی سی بی نے ہوٹل انتظامیہ کے ساتھ ملکر 48گھنٹے کی محنت کے بعد چوہے مار بھگائے۔ پی سی بی کی چوہا مار مہم پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ خط میں کرکٹ آسٹریلیا نے لکھا ہے کہ چوہے بھگانے پر آپ کے شکر گزار ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے خط میں مذید لکھا کہ دورہ پاکستان یادگار رہا اور تمام انتظامات بہترین تھے۔ پی سی بی انتظامیہ کی مہمان نوازی مثالی تھی۔ کھلاڑیوں کی جانب سے جو کچھ مانگا گیا انہیں دیا گیا۔ بار بی کیو بھی بہترین تھا۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا تمام انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔