انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کے مختصرترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑیوں کی نئی درجہ بندی جاری کردی۔ بلے بازوں کی رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ بابراعظم کے 805 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ریکارڈز کے انبار لگانے والے قومی وکٹ کیپر بیٹر محمدرضوان دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ محمدرضوان اور بابراعظم کے درمیان صرف 7 ریٹنگ پوائنٹ کا فرق ہے۔ محمدرضوان کے 798 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
تیسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے ایڈین مارکرم موجود ہیں۔ بھارت کے لوکیش راہل چوتھے نمبر پر آگئے جبکہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے۔ ٹاپ ٹین بیٹرز میں پاکستان کا دیگر کوئی کھلاڑی شامل نہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کی باؤلرز رینکنگ میں سری لنکا کے ونندوہسارنگا کا پہلا نمبر ہے۔ ہسارنگا 797 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی کی 784 ریٹنگ پوائنٹس کی ساتھ دوسری اور انگلینڈ کے عادل رشید کی 746 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن ہے۔
ٹاپ 10 ٹی ٹوئنٹی باؤلرز میں پاکستان کے واحد کھلاڑی شاداب خان ہیں۔ لیگ اسپن باؤلنگ کرنے والے شاداب خان کا باؤلرز رینکنگ میں 9واں نمبر ہے جبکہ انکے ریٹنگ پوائنٹس 634 ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی سرفہرست ہیں۔ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے اور انگلینڈ کے معین علی تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹاپ 10 آل راؤنڈرز رینکنگ میں پاکستان کا کوئی کرکٹر شامل نہیں ہے۔