پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ۔ آئی سی سی نے بابراعظم کو دوہزار اکیس کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دا ایئر کے بعد ون ڈے ٹیم آف دا ایئر کا بھی کپتان مقرر کردیا ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دا ایئر میں دو پاکستانی کرکٹر سمیت ایشیاء کے سات کرکٹر شامل ہیں لیکن بھارت کا کوئی بھی کھلاڑی گیارہ رکنی ٹیم میں جگہ نہیں بناسکا۔
آئی سی سی کی اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دا ایئر میں بابراعظم کے ساتھ پاکستان کی جانب سے فخر زمان کو منتخب کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ ، آئرلینڈ اور سری لنکا کے بھی دو دو جبکہ بنگلہ دیش کے تین کرکٹر ون ڈے ٹیم آف دا ایئر کا حصہ ہیں۔
گیارہ رکنی ٹیم میں بابراعظم ، فخرزمان ، پال اسٹرلنگ ، یانے من ملان ، راسی وین ڈر ڈوسن ، شکیب الحسن ، مشفیق الرحیم ، وانندو ہسارنگا، مستفیض الرحمان ، سیمی سنگھ اور دشمانتھا چمیرا شامل ہیں۔
آئی سی سی کی دوہزاراکیس کی ٹیسٹ ٹیم آف دا ایئر میں پاکستان کے فوادعالم ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کو منتخب کیا گیا ہے۔ دوہزار اکیس میں نیوزلینڈ کو ورلڈٹیسٹ چیمپیئن شپ جتوانے والے کین ولیمسن کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن بھی گیارہ رکنی ٹیم کا حصہ ہیں۔
سری لنکا کا دیموتھ کرونارتنے، انگلینڈ کے جو روٹ ، آسٹریلیا کے مارنس لبوشین اور بھارت کے روہت شرما ، رشبھ پانت اور روی چندرن ایشون ٹیسٹ ٹیم آف دا ایئر میں شامل ہیں۔
خواتین کی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دا ایئر میں پاکستان کی فاطمہ ثناء کو شامل کیا گیا۔ انگلینڈ کی ہیتھر نائٹ کو کپتان بنایا گیا ہے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں لیزلی لی، الیسا ہیلی وکٹ کیپر، ٹیمی بیماونٹ اور میتھالی راج شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہیلے میتھیوز، ماریزین کیپ، شبنم اسمعیل، جھولن گواسوامی اور انیسہ محمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔