انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2021 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل 11 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو آئی سی سی نے 2021 کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دا ائیر کا بھی کپتان مقرر کیا ہے۔ بابراعظم کی کپتانی میں 2021 میں پاکستان نے 29 میں سے 20 ٹی ٹوئنٹی میچ جیتے تھے۔
آئی سی سی کی اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دا ایئر میں 3 پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے بھی 3 پلیئرز ٹیم میں شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے 2 ، انگلینڈ ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کا ایک ایک کرکٹر ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دا ایئر میں جگہ بناسکا۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دا ایئر میں شامل نہیں ہے۔
آئی سی سی کی 2021 کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں پاکستان کے بابراعظم ، محمدرضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ محمدرضوان 2021 میں 1326 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز تھے جبکہ بابراعظم 939 رنز بناکر 2021 سال کے دوسرے بہترین بیٹر تھے۔ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی کی 21 میچز میں 23 وکٹیں تھیں۔
آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں انگلینڈ کے جوز بٹلر ، جنوبی افریقہ کے ایڈین مارکرم ، ڈیوڈ ملر ، تبریز شمسی ، آسٹریلیا کے مچل مارش ، جوش ہیزل ووڈ ، سری لنکا کے ونندو ہسارنگا اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
آئی سی سی کی تشکیل کردہ ٹیم میں جوز بٹلر اور محمدرضوان کو اوپنر کے طور پر رکھا گیا ہے۔ بابراعظم بیٹنگ لائن میں تیسر نمبر پر ہیں۔ ٹیم کا مڈل آرڈر ایڈین مارکرم ، مچل مارش اور ڈیوڈ ملر پر مشتمل ہے۔ اسپنرز میں تبریز شمسی اور ونندو ہسارنگا ہیں جبکہ فاسٹ باؤلنگ لائن جوش ہیزل ووڈ ، شاہین شاہ اور مستفیض الرحمان پر مشتمل ہے۔