پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو 2021 میں شاندار کارکردگی کا انعام مل گیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے محمدرضوان کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سال کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا۔ آسٹریلیا کے مچل مارش ۔ انگلینڈ کے جوز بٹلر اور سری لنکا کے ونندو ہسارنگا بھی اس ایوارڈ کے لئے نامزد تھے۔
آئی سی سی نے 2021 کے ایوارڈ کے کامیاب کھلاڑیوں کا اعلان کرنا شروع کردیا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دا ایئر کا ایوارڈ پاکستان کے محمدرضوان کے نام رہا۔ رضوان نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گزشتہ برس کئی ریکارڈ قائم کئے۔
محمدرضوان نے ٹی ٹوئنٹی کلینڈر ایئر میں 1000 رنز بنانے کا ریکارڈ بنایا اور سال کے اختتام تک 29 میچز میں 73 اعشاریہ 66 کی اوسط سے 1326 رنز اسکور کئے۔ محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی پہلی سینچری بھی گزشتہ سال اسکور کی۔ وکٹ کیپنگ میں بھی رضوان نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 24 شکار کئے۔
محمدرضوان نے 2021 میں 4 مرتبہ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتا۔ بابراعظم کے ساتھ ملکر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں چھ مرتبہ 100 یا اس سے زائد رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایک ریکارڈ ہے۔
محمدرضوان کا کہنا ہے کہ زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے۔ دنیا بھر میں پاکستان کا نام ہوگا۔ رضوان نے انکی حوصلہ افزائی اور مدد کرنے والے ساتھی کھلاڑیوں ، مینجمنٹ ارکان اور تمام سپورٹ اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔