وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے لیے بجلی کی قیمتوں اور پیٹرولیم ڈیولمپنٹ لیوی میں اضافے کی تصدیق کردی۔
لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں تین سے چار روپے کا اضافہ ہوسکتا ہے جس کا اطلاق جولائی سے ہوگا، انہوں نے کہا کہ کچھ چھپانا نہیں چاہتے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہمیں کچھ چھپانا نہیں چاہیے، کون سا ملک صرف بجلی کی مد میں 1300 ارب کی سبسڈی دیتا ہے۔ سیکریٹری پاور ڈویژن اس پر کام کررہے ہیں۔ جولائی میں بجلی کی قیمتوں میں تھوڑا بہت اضافہ ہوگا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ اضافہ مجبوراً کیا جارہا ہے اور یہ سب قربانیاں بڑے مقصد کیلئے ہیں ورنہ کس کا دل چاہتا ہے کہ اپنی عوام پر بوجھ ڈالا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں ہر تین مہینے ڈھائی، ڈھائی روپے بڑھائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم پر 215 ارب روپے کے ٹیکس لگانے سے ہچکچا رہے تھے، کس کا دل کرتا ہے بوجھ ڈالنے کا۔