پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفٰی کمال کا کہنا ہے کہ کراچی کی عوام اگر مسائل کا حل چاہتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات میں پی ایس پی کو موقع دیں۔ ہمیں کام کرنا آتا ہے کراچی کو ٹھیک کردیں گے۔
مصطفٰی کمال نے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار سید حفیظ الدین کے ہمراہ کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی عوام فیصلہ کرلیں گے مسائل کا حل چاہئے یا اسی طرح افسوس کرنا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کی عوام اگر مسائل کا حل چاہتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات میں پی ایس پی کو ووٹ دیں، بصورت دیگر حالات بد سے بدتر ہوں گے اور اگلے چار سال اسی طرح مسائل کی شدت پر رونا ہوگا۔
چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں کام کرنا آتا ہے کراچی اور حیدرآباد کو بھی دوبارہ سے ٹھیک کردیں اور شہریوں کے مسائل کو حل کریں گے۔
مصطفٰی کمال نے کہا کہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کو ووٹ دینا، ووٹ ضائع کرنے کے مترادف ہے، پی ٹی آئی والے پہلے ہی جیتے کی صورت میں دوبارہ مستعفی ہونے کا اعلان کرچکے ہیں۔
پیپلز پارٹی نے ایم کیوایم کے حق میں اپنا امیداور بٹھا کر ثابت کردیا کہ ایم کیوایم انکو کس نوعیت کی خدمات دے رہی ہے۔ مصطفٰی کمال نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام پی ایس پی کو کامیاب کرائیں انکے مسائل حل ہوتے نظر آئیں گے۔